مفرور باپ اور بیٹی پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہیں: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک کی جغرافیہ اور نظریاتی تحفظ کو یقینی بنانے والے اداروں کو ہدف تنقید بنانے والوں کیخلاف الیکشن کمیشن کو ایکشن لینا ہوگا۔ مفرور باپ اوربیٹی پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں بھی حکومتیں بنانے کیلئے باریاں رکھی ہوئی تھی۔ دونوں سیاسی جماعتیں یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ انہوں نے کشمیر کی مظلوم عوام کے حق خود ارادیت کیلئے دنیا کے ضمیر کو بیدار کرنے کیلئے کیا کیا؟۔

انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ درباری اور حواری کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی نہ کر سکے۔ ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کبھی بھی مودی کے مظالم کی مذمت نہیں کی اور نہ ہی کبھی ان کے خلاف بیان دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ کشمیریوں کو بے وقوف بنانے والی ن لیگ نے کبھی مودی کے غیر آئینی اور غیر قانونی عمل کی مخالفت تک نہیں کی۔ جعلی راجکماری کشمیر کی حسین وادیوں میں کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہی ہے۔ پاکستان کی قومی سلامتی کے ساتھ جڑا خون اور جان رشتہ ہے، اس رشتہ کو بھی پامال کرنے کیلئے سرگرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی الیکشن مہم کا وقت رات 12 بجے کا ختم ہو چکا ہے۔ الیکشن مہم کا وقت ختم ہونے کے باوجود جعلی راجکماری پوری ن لیگ قیادت کے ساتھ سیالکوٹ میں جلسہ کرنے آ رہی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینا ن لیگ کا پرانا وطیرہ ہے۔ وہ الیکشن کمیشن کے لیٹر کو پاؤں کے نیچے روند کر اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر کر جلسہ کر رہی ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں