کراچی سے لیکر لاڑکانہ تک شہر کچرا کنڈی بن چکے ہیں، حلیم عادل شیخ

پاکستان

کراچی: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں گندگی کے ڈھیر ہیں، سندھ حکومت گمشدہ ہے، آلائشیں اٹھانے کے لئے انتظامیہ نظر نہیں آرہی، کراچی سے لیکر لاڑکانہ تک شہر کچرا کنڈی بن چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں اپنی رہائشگاہ عادل ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں گزشتہ روز لاڑکانہ سے آیا ہوں، وہاں جگہ جگہ گندگی تھی، سندھ کو تباہ کرنے کے بعد بلاول کس منہ سے کشمیر کی بات کرتے ہیں، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پر اربوں روپے خرچ کر دیئے ہیں لیکن کوئی صفائی کا انتظام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مراد علی شاہ، مرتضیٰ وہاب، ناصر شاہ کو دعوت دیتا ہوں میرے ساتھ کراچی کا دورہ کریں میں ان کو دکھاتا ہوں کہ آلاشیں کہاں پڑی ہیں، انہوں نے صرف فوٹو سیشن کروا کے کروڑوں کی کرپشن کی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب کراچی کے ایڈمنسٹریٹر بننے سے پہلے ہی ناکام ہو گئے ہیں، 8900 ارب 13 سالوں میں آئے، 2000 ارب کی کرپشن کی گئی ہے انہوں نے کچرے کے پیسے بھی ہڑپ کر لئے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کشمیر الیکشن میں حالات خراب کر سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اندرونی طور پر ملے ہوئے ہیں۔ تاہم ایک بار پھر 25 جولائی 2021ء پاکستان کی عوام اور پی ٹی آئی کی فتح کا دن ثابت ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سرخی پائوڈر لگانے اور پیسوں کے بیگ بھر کے عوام کو خریدا نہیں جاتا، جیت پی ٹی آئی کی یقینی ہے، گیلپ سروے میں بھی جیت پی ٹی آئی کی آچکی ہے،کشمیر میں کچھ نوسر باز میدان میں اترے ہوئے ہیں، جن کو عوام نے سروے میں رد کر دیا ہے، 67 فیصد کشمیر کی عوام کا پسندیدہ لیڈر عمران خان ہے،بقیہ لیڈران کوکشمیر کی عوام نے گیپ سروے میں بھی مسترد کر دیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں