نیوزی لینڈ ٹیم کو دھمکی:ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ نے مقدمہ درج کرلیا

پاکستان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان منسوخی ودھمکی کے معاملے پر ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ نے مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان میں پہلے ون ڈے سے کچھ دیر قبل ہوٹل سے گراؤنڈ جانے سے انکار کردیا تھا اور سکیورٹی کا بہانہ بنا کر یکطرفہ طور پر سیریز منسوخ کر دی گئی، گزشتہ روز بھی انگلینڈ نے بھی نیوزی لینڈ کی طرح پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

دوسری طرف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان میں موجودگی کے دوران ملنے والی دھمکی کے معاملے پر مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمہ سائبرٹیرارزم سیکشن 506،109پی پی سی کےتحت درج کیا گیا، مقدمہ سب انسپکڑ محمد وسیم کی مدعیت کی درج کیا گیا۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے مطابق مقدمہ انٹرپول کی جانب سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں انکوائری کے بعد درج کیا گیا۔

اس سے قبل کیویز کی طرف سے یکطرفہ کرکٹ دورہ منسوخ کرنے کے بعد پاکستان نے نیوزی لینڈ سے باضابطہ احتجاج کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر مراد اشرف جنجوعہ نے نیوزی لینڈ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران ہائی کمشنر نے احتجاجی مراسلہ نیوزی لینڈ حکومت کے سپرد کیا تھا۔

ہائی کمشنر نے نیوزی لینڈ سے دورہ ملتوی کرنے کی وجوہات اور تفصیلات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان ملتوی کرنا انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، جس انداز میں دورہ ملتوی ہوا وہ غلط ہے، دورہ ملتوی کرنے سے متعلق کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں، پاکستان کی پوزیشن بالکل واضح ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں