ایون فیلڈ ریفرنس: نیب کی درخواست پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو نوٹس جاری

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی سزا کے خلاف اپیل پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ نے نیب کی اپیل پر سماعت کی، نیب پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ مریم نواز کی جانب سے 2018 سے اس کیس میں التوا لیا جا رہا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نیب صرف مریم نواز کے کیس میں روزانہ سماعت چاہتا ہے؟ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیل پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست دائر ہی نہیں کی گئی ۔

اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا ہم سب اپیلوں پر روزانہ سماعت چاہتے ہیں، 30دن گزر چکے، ملزموں نے پانچ وکلاء کر رکھے لیکن کیس نہیں چل رہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایون فیلڈ ریفرنس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر فیصلہ کرنے کی نیب درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق اپیلیں، نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی جسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

نیب کی طرف سے درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جان بوجھ کر اپیلوں کی سماعت میں تاخیر کر رہے ہیں، مریم نواز کے وکیل ایک سال سے بہانے بنا کر تاریخیں لے رہے ہیں، ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر روزانہ سماعت کرکے 30 روز میں فیصلہ کیا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں