فردوس شمیم کی جانب سے بیلٹ باکس کی سیل توڑنے پر الیکشن کمیشن کا نوٹس

کراچی: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی نے بیلٹ باکس کی سیل کھول دی، الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

فردوس شمیم نقوی نے سولجربازار یوسی وارڈ 4 میں پولنگ عمل متاثر کرنے کی کوشش کی، رہنما پی ٹی آئی نے 3 سے 4 بیلٹ باکس کی سیل توڑی، اس حوالے سے فردوس شمیم نقوی نے بتایا کہ سیل کمزور لگائی گئی تھیں لہٰذا اس لئے توڑ دیں۔

اس معاملے پر پولنگ عملے نے کہا کہ یہ مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کرنے آئے تھے، انہیں روکنے کی کوشش کی لیکن پی ٹی آئی رہنما نے کسی کی نہ سنی۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کی جانب سے بیلٹ باکس سیل توڑنے کے معاملے پر صوبائی الیکشن کمشنر سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

دوسری جانب صوبائی الیکشن کمیشن نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر فردوس شمیم نقوی کو نوٹس جاری کر دیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ یو سی 2 ٹاؤن میونسپل کمیٹی جناح ٹاون میں بیلٹ باکس کی سیل کھولنا غیرقانونی عمل اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، رکن سندھ اسمبلی کو متعلقہ پولنگ سٹیشن سے نکالنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں