نیشنل ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپریشنل تیاری، پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی، دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لئے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی دہشت گردی کے واقعہ کو ناکام بنانے پر سکیورٹی اداروں کی تعریف کی۔

اجلاس میں سکیورٹی اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور افواج پاکستان کے جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بہادر جوانوں نے کراچی میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر کے ان کا قلع قمع کیا، اجلاس میں شرکا نے دہشت گردی کیخلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں