وزیراعظم توہین عدالت کے شکنجے میں آسکتے ہیں: شیخ رشید

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم توہین عدالت کے شکنجے میں آسکتے ہیں، 90 دن میں نگران حکومت خود بخود ختم ہو جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ حکومت نے مختلف اداروں سے سروے کرائے ہیں جس میں عمران خان کی سیاسی مقبولیت الیکشن کے التواء کا باعث بن گئی ہے جو 30 اپریل کو الیکشن نہیں کروا رہے وه 8 اکتوبر کو بھی الیکشن نہیں کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل تک نون لیگ کے وزراء کہتے تھے صوبائی اسمبلیاں توڑیں الیکشن کروا دیں گے اب کہتے ہیں اکتوبر کی بھی ضمانت نہیں کیونکہ شکست ان کا مقدر ہے، 13 پارٹیوں کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا، مہنگائی نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں، تقریباً 50 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا کو پاکستان کی فکر ہے، ہم 10 کلو آٹے کے فوٹو کی کمپنی کی مشہوری کے لیے لگے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کی کوئی یقین دہانی نہیں اور ملک معاشی تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے، سارا بوجھ عدلیہ کے کندھوں پر پڑ گیا ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ گرینڈ مذاکرات کا جھانسہ دیا جا رہا ہے اور کارکنوں کو گھروں سے اٹھایا جا رہا ہے، مینار پاکستان جانے والے راستے بند کئے جا رہے ہیں، آج مینار پاکستان جلسے میں شرکت کروں گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں