حسان نیازی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی، حسان نیازی کو لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اس مقدمے کا تفتیشی کدھر ہے جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا جو 8 تاریخ کو واقعہ ہوا وہ انکی ایما پر ہوا، ملزم کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانے اور لیپ ٹاپ کی برآمدگی کے لیے 14 دن کا جسمانی ریمانڈ منطور کیا جائے۔

ملزم کے وکیل صدر لاہور بار رانا انتظار نے تھانہ ریس کورس میں درج مقدمہ کی ایف آئی آر پڑھ کر سنائی، وکیل ملزم نے بتایا کہ پولیس نے اس مقدمہ سے 302 قتل کی دفعہ ختم کر دی ہے، پولیس نے گاڑی حادثہ کی دفعہ 322 آزاد کر دی ہے، ملزم کا اس مقدمہ میں کوئی کردار نہیں ہے، پولیس نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا، پولیس نے اسی واقعہ کی ایک اور ایف ائی آر درج کی ہوئی ہے۔

عدالت نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ لوگوں نے عبوری ضمانت کیوں حاصل نہیں کی، ملزم کے وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں پتا ہی نہیں کہ کتنے مقدمات درج کر دیئے گئے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے پولیس کی جانب سے حسان نیازی کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں