پیدائش کے ایک ماہ بعد تک والد نے چہرہ نہیں دیکھا تھا: کرشمہ کا انکشاف
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ورسٹائل اداکارہ اور ماڈل کرشمہ تنا نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق ہوشربا انکشاف کردیا۔
اداکارہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایک بڑی حقیقت سے پردہ اٹھا دیا، اداکارہ نے اپنی پیدائش پر والدین کے تاثرات پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ میرے والدین میری پیدائش پر خوش نہیں تھے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میری پیدائش ہوئی تو میرے والد نے 1 ماہ تک میرا چہرہ نہیں دیکھا تھا کیونکہ انہیں بیٹے کی خواہش تھی، وہ ایک بیٹا چاہتے تھے اور عام گجراتی خاندانوں کی طرح خاندانی دباؤ بھی تھا، ان کا خیال تھا کہ بیٹا اپنا نسب آگے بڑھا سکتا ہے، زیادہ کما سکتا ہے جبکہ میری ماں کی دو بیٹیاں تھیں، میرے دادا اور دادی ہمیں سیکنڈ ہینڈ ٹریٹمنٹ دیا کرتے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ ایسے رویے کے بعد میں نے خود کو مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا اور سوچا کہ میں انہیں دکھاؤں گی کہ لڑکا جو کرتا ہے وہ لڑکی بھی کر سکتی ہے۔
کرشمہ تنا اپنے موقف پر ڈٹی رہیں اور اپنی محنت سے ایک کامیاب اداکارہ کے طور پر اپنا لوہا منوایا، اداکارہ نے اپنے کیرئیر کا آغاز 17 سال کی عمر میں مشہور ٹی وی سیریل کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی سے کیا، اسکے علاوہ اداکارہ ناگن 3 میں بھی کردار ادا کرچکی ہیں۔