سکیورٹی ایجنسیوں نے پی ٹی آئی کی ملک کو بدنام کرنیکی سازش بے نقاب کر دی: رانا ثنا

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایک ٹیلی فون کال پکڑی ہے جس میں کسی پی ٹی آئی کارکن کے گھر پر چھاپے اور ریپ کا ڈرامہ رچانے کے منصوبے پر بات کی جا رہی تھی۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک کی ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے، گفتگو پی ٹی آئی کے رہنما کے گھر چھاپے سے متعلق ہے اور دوسرا ڈرامہ یہ تھا کہ ریپ ایکٹ کیا جائے، مقصد تھا کہ ریپ ایکٹ کا الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگایا جائے اور ریپ ایکٹ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایاجائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے 9 مئی کو قوم اور ملک کے ساتھ ظلم کیا، شہدا کی فیملی کو انہوں نے دکھ اور رنج سے دوچار کیا، انہوں نے اداروں کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کی، جب یہ ٹولہ ناکام ہوا تو کوشش کی کہ اس معاملے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا رنگ دیا جائے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بروقت اس ڈرامے کو پکڑا ہے، اندیشہ تھا کہ یہ آج رات ہی کسی جگہ ڈرامہ کرنے والے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گمراہ ٹولہ اور اس کا سرغنہ اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے، لوگوں کو گمراہ، گھروں کو جلانے والوں کو قرار واقعی سزا ملےگی، کسی سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں