پاک فوج سے یکجہتی کیلئے مسیحی برادری کے وفد کا جناح ہاؤس لاہور کا دورہ

لاہور: (دنیا نیوز) پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لئے مسیحی برادری کے وفد نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے۔

چرچ آف پاکستان لاہور کے وفد نے تباہ حال جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا، گلدستے بھی رکھے۔

مسیحی برادری کے ارکان نے کہا کہ جناح ہاؤس کی تباہی دیکھ کر آج دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

اس موقع پر ایک مسیحی غازی نے کہا کہ میں نے اس ملک و قوم کی خاطر جنگ لڑی اب یہ سب دیکھ کر بہت افسوس ہوا، پاکستان کی تاریخ میں 9 مئی ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر جانا جائے گا، یہ فوج پر حملہ نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم پر حملہ ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

وفد کے اراکین نے پاک آرمی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونیوالے مظاہروں کے دوران شرپسندوں نے جناح ہاؤس میں تھوڑ پھوڑ کی تھی اور اسے آگ بھی لگا دی تھی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں