فرنچ اوپن : سبالینکا ، پیگولا اور سٹیفنز تیسرے راؤنڈ میں داخل

پیرس : ( ویب ڈیسک ) بیلاروس کی ٹینس سٹار آریانا سبالینکا، امریکی ٹینس سٹار جیسیکا پیگولا اورامریکا کی ہی ٹینس سٹار سلونی سٹیفنز نے فرنچ اوپن ٹینس کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

ویمن سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں آریانا سبالینکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بیلا روس کی حریف کھلاڑی ایرینا الاد زیمیرانا شیمانووچ کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7 اور 2-6 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

جیسیکا پیگولا نے حریف اطالوی ٹینس کھلاڑی کامیلا جیورجی کو پہلے سیٹ میں 2-6 سے شکست دی جبکہ حریف اطالوی کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث مقابلہ جاری نہ رکھ سکیں اور امریکی کھلاڑی نے با آسانی تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔

سلونی سٹیفنز نے روسی کھلاڑی وروارا اینڈریوینا گرچیواکو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 1-6 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔

یاد رہے کہ سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں