سعودی عرب اور امریکا کا سوڈان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

ریاض : ( ویب ڈیسک ) سعودی عرب اور امریکا نے سوڈان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب اور امریکا نے سوڈان میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں اور فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز دونوں کی جانب سے جدہ اعلامیہ پر عمل نہ کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دونوں ممالک نے کہا کہ ان خلاف ورزیوں سے عام شہریوں اور سوڈانی عوام کو نقصان پہنچا ہے اور یہ انسانی امداد کی فراہمی اور بنیادی خدمات کی بحالی میں رکاوٹ ہیں۔

سعودی عرب اور امریکا کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ایک بار جب یہ واضح ہو جائے کہ فریقین جنگ بندی کی تعمیل کرنے میں واقعی سنجیدہ ہیں تو سہولت کار اس تنازعہ کا مذاکراتی حل تلاش کرنے کے لیے معطل شدہ بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کا سنجیدگی سے عہد کریں اور سوڈانی عوام کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے والی انسانی کوششوں کی حمایت کریں۔

اس سے قبل جمعرات کو وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ وہ اہم دفاعی کمپنیوں اور ان لوگوں کے خلاف پابندیاں عائد کرے گا جو سوڈان میں تشدد کو دوام بخشتے ہیں کیونکہ متحارب فریق جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں