لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کا شاہ محمود قریشی کی فوری رہائی کا حکم

راولپنڈی: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔

لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس چودھری عبدالعزیز نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے سلسلے میں شاہ محمود قریشی کی جانب سے وکیل تیمور ملک اور ان کی بیٹی گوہربانو قریشی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عابد عزیز راجوری پیش ہوئے۔

عدالت نے شاہ محمود کی فوری رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی اور ایم پی او آرڈر کے تحت گرفتار نہ کیا جائے۔

عدالت نے ڈی سی راولپنڈی کے تھری ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دے دیئے اور شاہ محمود قریشی سے کسی قسم کا شورٹی بانڈ جمع کرانے کی ہدایت نہیں کی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ماضی میں جو کچھ ہو چکا اسے چھوڑ دیں، مستقبل میں ایسا نہ ہو، ہر چیز مذاق نہیں ہوتی۔

واضح رہےکہ شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر 23 مئی کو رہائی عمل میں آئی تھی لیکن اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد انہیں ایک بار پھر پولیس نے گرفتار کر لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں