کراچی: مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ڈاکو ہلاک، 5 گرفتار، اہلکار بھی زخمی

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب جبکہ 3 زخمیوں سمیت 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں 2 ڈاکو لوٹ مار کی نیت سے موجود تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اہلکار بھی زخمی ہوا، اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے، ہلاک ملزم کی شناخت حسن سردار کے نام سے ہوئی، ملزم متعدد سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

ادھر کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، گرفتار ڈاکو کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی ہے، ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا، پولیس نے مزید قانونی کارروائی بھی شروع کر دی۔

شاہ لطیف کوہی گوٹھ مکہ فارم کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمیوں سمیت 4 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزمان کی شناخت امیر علی، محمد یوسف، سلمان اور ناصر زیب کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزموں کو تھانے منتقل کر دیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں