منظور پشتین 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) منظور پشتین کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں منظور پشتین کے خلاف تھانہ ترنول میں درج مقدمہ کے معاملے پر سماعت ہوئی جبکہ منظور پشتین کو خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے روبرو پیش کیا گیا۔

دوران سماعت پولیس کی جانب سے منظور پشتین کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر منظور پشتین کے وکیل نے موقف پیش کیا کہ بلوچستان میں منظور پشتین کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جلسہ کرنا ہمارا حق ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ منظور پشتین کو بلوچستان سے اغواء کیا گیا اور آج 3 دن بعد پیش کیا گیا ہے، میرے مؤکل کا جسمانی ریمانڈ نہیں بنتا۔

بعدازاں خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پولیس کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے منظور پشتین کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں