معروف کامیڈین اداکار نرالا کو دنیا سے رخصت ہوئے 33 برس بیت گئے

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف کامیڈین اداکار نرالا کو دنیا سے رخصت ہوئے 33 برس بیت گئے، نرالا نے سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور مزاحیہ کرداروں سے خوب شہرت کمائی۔

1937ء کو آنکھ کھولنے والے نرالا کا اصل نام سید مظفر حسین زیدی تھا وہ بچپن سے ہی ہنس مکھ اور مزاح نگاری رکھتے تھے اسی فن کے ساتھ فلم انڈسٹری میں قسمت آزمائی کی اور نرالا کے نام سے اداکاری کا آغاز کیا، اداکار نرالا کی فلموں کی تعداد 100 سے زائد ہے جن میں کئی فلمیں سپرہٹ ثابت ہوئیں اور ان کی اداکاری کو ناقابلِ فراموش اور یادگار قرار دیا گیا۔

نرالا نے فلم سپیرن، مسٹر ایکس، شرارت، چھوٹی بہن، ہیرا اور پتھر، ارمان، احسان، دوراہا، زمین کا چاند، انسان اور گدھا، جہاں تم وہاں ہم، نصیب اپنا اپنا جیسی کامیاب ترین فلموں میں اپنے مزاحیہ کردار نبھا کر شائقینِ سینما کے دل جیت لیے۔

اداکار نرالا کو سب سے زیادہ شہرت فلم ارمان سے ملی جس میں ان کے مزاحیہ کردار کو بے حد سراہا گیا، ان کی آخری فلم چوروں کا بادشاہ تھی، نرالا مختصر علالت کے بعد 9 دسمبر 1990ء کو دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں