رکشہ ڈرائیور نے دلہن تلاش کرنے کیلئے انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا

مدھیہ پردیش: (ویب ڈیسک) رکشہ ڈرائیور نے دلہن تلاش کرنے کیلئے عجیب و غریب طریقہ ڈھونڈ لیا۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ شخص نے رکشہ پر ہورڈنگ لگا کر دلہن کی تلاش شروع کر دی ہے، ہورڈنگ پر اس شخص نے ذاتی تفصیلات جیسے قد، تاریخ پیدائش اور دیگر چیزیں لکھی ہیں۔

29 سالہ دیپندرا راٹھور کا کہنا ہے کہ وہ شادی کرنا چاہتا ہے لیکن ’معاشرے میں خواتین کی کمی‘ کی وجہ سے ایک بہترین ساتھی نہیں ڈھونڈ سکتا، مذہب اور ذات پات کا فرق اس کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتا اور کوئی بھی عورت ان کے پاس شادی کی پیشکش لیکر آسکتی ہے۔

دیپندرا راٹھور نے دلہن تلاش کرنے کیلئے ایک میرج گروپ میں بھی شمولیت اختیار کی تھی لیکن انہیں اپنے شہر سے شادی کیلئے کوئی عورت نہیں ملی۔

بعدازاں انہوں نے اپنی تفصیلات کو ہورڈنگ پر لگانے کا فیصلہ کیا، دیپندرا نے کہا کہ وہ اپنے شہر سے باہر کی خاتون سے شادی کرنے کیلئے بھی تیار ہیں، ہورڈنگ میں 29 سالہ شخص کے بارے میں تفصیلات ظاہر کی گئی تھیں جن میں اس کا قد، تاریخ اور پیدائش کا وقت، بلڈ گروپ، تعلیمی قابلیت وغیرہ شامل تھے۔

دیپندر کے والدین بھی اپنے بیٹے کے اس طریقہ کار کی حمایت کرتے ہیں، راٹھور نے کہا کہ میرے والدین عبادت میں مصروف رہتے ہیں اس لئے ان کے پاس میرے لئے لڑکی تلاش کرنے کا وقت نہیں ہے، مجھے یہ خود ہی کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ راٹھور اپنا رکشہ چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ جو بھی ان کا شریک سفر بنے گا وہ اسے ہمیشہ خوش رکھیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں