تاریخی ڈاک ٹکٹ جمع کرنے والے کراچی کے جڑواں بھائی

کراچی(ویب ڈیسک) تاریخی ڈاک ٹکٹ جمع کرنے والے کراچی کے جڑواں بھائی جن سے قیام پاکستان سے لے کر کسی بھی ممالک کے نایاب ڈاک ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں۔

دونوں بھائی عنایت علی اور فیروز علی کراچی اولڈ سٹی ایریا میں چیمبر آف کامرس روڈ کے فٹ پاتھ پرٹکٹیں فروخت کرتے ہیں جہاں نایاب ٹکٹ خریدنے والے گاہک دور دور سے آتے ہیں۔

ٹکٹ جمع کرکے فروخت کرنے والے عنایت علی نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ ہمارے پاس قیام پاکستان کے وقت سے آج تک جتنے ٹکٹ پرنٹ کئے گئے وہ سب موجود ہیں، اس کے علاوہ گاہک کی ڈیمانڈ کے مطابق جس بھی ممالک کا ٹکٹ انہیں چاہئے ہوتا ہے انہیں مہیا کرکے دیتے ہیں۔

عنایت علی نے کہا کہ ہمارے گاہک دور دراز علاقوں سے آکر یہ نایاب ٹکٹ خریدنے آتے ہیں، ہمارا ٹکٹیں جمع کرنے اور فروخت کرنے کا مشغلہ ہمیں اپنے والد سے ورثہ میں ملا ہے ، ہم کراچی کے علاقے میں 55 سال سے اس کاروبار سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کا مشغلہ کبھی بہت مقبول رہا ہے مگر اب وقت گزرنے کے ساتھ اس کا ذکرزیادہ سننے کو نہیں ملتا، ہمارے بہت سے گاہک نہ صرف ہم سے ٹکٹ خریدتے ہیں بلکہ اس کی تصدیق کا سرٹیفکیٹ بھی بنواتے ہیں۔

واضح رہے لندن میں آج بھی ہرسال نایاب ٹکٹوں کی نمائش لگائی جاتی ہے جہاں دنیا بھر سے لوگ نایاب ٹکٹوں کے ساتھ نمائش میں حصہ لیتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں