جانی پہلوان نے رستم پنجاب کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

ننکانہ صاحب: (ویب ڈیسک) رستم پنجاب دنگل کے فائنل مقابلے میں رستم پاکستان جانی پہلوان نے رستم خیبرپختونخواہ فضل پہلوان کو چت کر دیا۔

رستم پنجاب دنگل کے مقابلوں میں ملک بھر سے 50 نامور پہلوانوں نے حصہ لیا، دیسی کشتیوں سے محظوظ ہونے کے لئے شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے بطور مہمان خصوصی مقابلوں میں شرکت کی، ہاکی سٹیڈیم آمد پر سکھ برادری کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کو یادگاری سروپا پیش کیا گیا۔

اس موقع پر رستم انڈین پنجاب سردار مندیپ سنگھ اور رستم ہند سردار ہرجیت سنگھ نے بھی مقابلوں کو دیکھا، فائنل مقابلے میں رستم پاکستان جانی پہلوان نے رستم خیبرپختونخواہ فضل پہلوان کو چت کر دیا، جانی پہلوان نے رستم پنجاب کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی جانب سے کھلاڑیوں میں اعزازی شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیسی کشتیوں کے مقابلوں کے لئے ننکانہ صاحب میں سٹیڈیم بنایا جائے گا، رستم ریسلنگ کلب کینیڈا کے تعاون سے ننکانہ صاحب میں بننے والے سٹیڈیم کے لئے زمین پنجاب حکومت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور محبت کرنے والوں کی سر زمین ہے ، دنیا بھر سے ننکانہ صاحب آنے والے پہلوانوں کی خدمت ہمارے لئے اعزاز ہو گا۔

اس موقع پر رستم ہند سردار ہرجیت سنگھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رستم پنجاب مقابلوں کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے مشکور ہیں ، ننکانہ صاحب میں نیشنل سٹیڈیم کی تعمیر سے دنیا بھر سے پہلوان دنگل میں حصہ لیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں