کراچی اور لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلے، 4 زخمیوں سمیت 7 ملزم گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اور لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 زخمیوں سمیت 7 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سپر ہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

ادھر کراچی کے علاقے گبول ٹاؤن میں بھی پولیس نے 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، موٹر سائیکل اور چھینی گئی رقم برآمد کر لی، گرفتار ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔

دوسری جانب لاڑکانہ کے علاقے بیت المال کالونی میں 2 مبینہ ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزم زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا، ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں