اتحادی رہنماؤں کی فضل الرحمان سے پھر ملاقات، قومی اسمبلی میں حمایت کی درخواست

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگ، پیپلز پارٹی، ق لیگ، باپ اور آئی پی پی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے دوبارہ ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اتحادی جماعتوں کا وفد رات گئے سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچا، ملاقات کرنے والوں میں رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق، یوسف رضا گیلانی، صادق سنجرانی، خالد مگسی، عبدالعلیم خان اور سالک حسین شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا صاحب سے ووٹ کی نہیں قانون اور آئین کی بالادستی کی بات کی ہے: اسد قیصر

جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ملاقات میں عبدالغفور حیدری، حاجی غلام علی، اسلم غوری، نور عالم خان اور مولانا امان اللہ موجود تھے، اتحادی جماعتوں کے وفد نے ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان سے سپیکر، وزیر اعظم اور صدر کے انتخاب میں حمایت کرنے کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے سپیکر، وزیر اعظم اور صدر کے الیکشن کا حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسمبلی نہیں کوئی اور چیز ہے، ہم ووٹ کا حق استعمال نہیں کریں گے بلکہ اپوزیشن میں بیٹھ کر عوام کی نمائندگی کریں گے، اسمبلی پانچ سال پورے کرتی نظر نہیں آتی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں