بلوچستان میں بارشیں، برفباری تھم گئی، ہفتے میں5افراد جاں بحق

کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان میں ایک ہفتے سے جاری بارشوں اور برف باری کا سلسلہ تھم گیا،5افراد جاں بحق،237گھروں کو نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے صوبے میں شہریوں کو جانی و مالی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ بارشوں سے بارکھان اور خاران میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا، جاں بحق افراد میں 3 بچے، ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے صوبے میں 237 مکانات کو نقصان پہنچاجن میں 82 مکانات مکمل جبکہ 155 مکانات کو جزوی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ کے متن میں یہ بھی لکھا گیا کہ25 مکانوں کی دیواریں، 4 شاہراہوں اور ایک پل کو نقصان پہنچا ، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، پاک افواج اور متعلقہ ادارے ریسکیو آپریشن میں تاحال مصروف ہیں ، متاثرہ اضلاع میں متاثرین میں ٹینٹ، کمبل اور دیگر ضرورت کا سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں