صدارتی امیدوار زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور، اچکزئی پر اعتراض عائد

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدارتی انتخابات کے لیے حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے جبکہ محمود اچکزئی کے کاغذات پر اعتراض عائد کر دیا گیا۔

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے صدارتی امیدوار کے لیے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے تھے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر صدارتی انتخابات کے ریٹرننگ افسر ہیں انہوں نے سکروٹنی کے بعد سابق صدر کے کاغذات منظور کیے ہیں۔

پی پی رہنما فاروق ایچ نائیک نے بتایا ہے کہ آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا اور ان کے بطور صدارتی امیدوار کاغذات منظور کرلیے گئے۔

فاروق نائیک نے مزید کہا ہے کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں، آصف زرداری دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوں گے۔ 

اچکزئی

دوسری جانب ایک اور صدارتی امیدوار اصغر علی مبارک نے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کردیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

محمود خان اچکزئی کے صدارت کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ محمود اچکزئی نے اسمبلی فلور پر اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کے خلاف بیان دے کر آئین پاکستان سے انحراف کیا، انہوں نے کہا کہ الیکشن میں سلیکٹ کرانے کیلئے لوگوں سے 70ارب روپے لئے گئے، لہذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں