اسرائیل کیخلاف فوری جوابی کارروائی کا کوئی منصوبہ نہیں : ایرانی حکام

تہران : (ویب ڈیسک ) ایرانی شہر اصفہان پر حملے کے چند گھنٹے بعد سینئر ایرانی اہلکار نے بتایا ہے کہ ایران کا اسرائیل کے خلاف فوری جوابی کارروائی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ واقعے کے غیر ملکی ذرائع کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، ہم پر کوئی بیرونی حملہ نہیں ہوا ہے اور ہمارے درمیان بحث حملے سے زیادہ دراندازی کی طرف ہے۔

قبل ازیں دو امریکی حکام نے امریکی میڈیا کو ایران پر مبینہ اسرائیلی میزائل حملے کا دعویٰ کیا تھا ۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کا ایرانی شہراصفہان پرفضائی حملہ، ایران کے کئی شہروں میں پروازیں معطل

  آج صبح امریکی میڈیا نے دعوی کیا کہ اسرائیل نے ایران پر میزائل داغا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق اصفہان کی فضا میں 3 ڈرونز کو دیکھا گیا جنہیں ایرانی کے فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔

یادرہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیل نے گزشتہ ہفتے ایران کو جوابی کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ 13 اپریل کی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 300 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، جسے آپریشن سچا وعدہ کا نام دیا گیا، حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں