شاہ زیب خان نے ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیت لیا

ہنوئی: (ویب ڈیسک) ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے کیروگی ایونٹ کے 54 کیٹیگری کے فائنل میں سعودی عرب کے حمدی ریاد نے پاکستان کے شاہ زیب خان کو شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

ویتنام میں ہونے والی چیمپئن شپ کے فائنل کے پہلے راؤنڈ میں شاہ زیب نے اپنے سعودی مدمقابل کے خلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کی، دوسرے راؤنڈ میں دونوں کھلاڑیوں کے مابین سخت مقابلے دیکھنے میں آیا جس میں حمدی ریاد نے 8 کے مقابلے میں 9 پوائنٹس حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔

تیسرے اور فیصلہ کن راؤنڈ میں ریفری نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف کئی متنازعہ فیصلے دیے، حمدی ریاد نے 3 کے مقابلے میں 7 پوائنٹس کے فرق سے گولڈ میڈل جیت لیا جبکہ شاہ زیب خان سلور میڈل کے حق دار ٹھہرے۔

شاہ زیب خان نے ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی تاریخ میں پاکستان کیلئے پہلا سلور میڈل جیتا ہے، آج کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں 87 ویٹ میں پاکستان کے احتشام الحق کو بھارت کے ریشبھ نے 2-1 شکست دی۔

اس کے علاوہ 58 کیٹیگری میں سعودی عرب کے جار یوسف نے پاکستان کے ابوبکرصدیق کیخلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی جبکہ خواتین کی 73 ویٹ میں کوریا کی مایونگ می نا نے پاکستان کی ملیحہ کو 2-0 سے ہرا دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں