وزیراعظم آفس کے وزارتوں، ڈویژنز کو ای آفس پر منتقلی کے احکامات نظر انداز

اسلام آباد: (حریم جدون ) وزیراعظم آفس کے وزارتوں، ڈویژنز کو ای آفس پر منتقلی سے متعلق جاری کردہ احکامات نظر انداز کر دیئے گئے۔

وزارت آئی ٹی کی وزارتوں، ڈویژنز میں ای آفس استعمال سے متعلق رپورٹ وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی گئی جس کے مطابق 5 وزارتوں میں تاحال ای آفس استعمال نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم ڈویژن، پاور ڈویژن، فنانس ڈویژن میں ای آفس تاحال استعمال نہیں ہورہا جبکہ لاء اینڈ جسٹس، ریونیو ڈویژن میں بھی ای آفس استعمال نہیں ہو رہا۔

مجموعی طور پر 12 وزارتوں، ڈویژنز میں 50 فیصد سے بھی کم ای آفس کا استعمال ہو رہا ہے، ہاؤسنگ اینڈ ورکس 1 ، دفاع ڈویژن 13 اور نارکوٹکس کنٹرول میں 14 فیصد ای آفس استعمال کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح نیشنل ہیلتھ سروسز 20، اوورسیز پاکستانیز 21، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ای آفس کا استعمال 40 فیصد تک کیا جارہا ہے، وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام 85 فیصد ای آفس کا استعمال کررہی ہے جبکہ وزارت مذہبی امور، قومی ثقافت اور ورثہ، بی آئی ایس پی میں 100 فیصد ای افس استعمال ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وزارتوں، ڈویژنز کو مینوئل فائلنگ سے ای آفس پر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں