نان فائلرز کی 9 ہزار سے زائد سمز بند کر دی گئیں

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بیورو آف ریونیو کے ترجمان کے مطابق ایف بی آر کی ہدایت پر نان فائلرز کی 9 ہزار سے زیادہ سمز بند کر دی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق ٹیلی فون کمپنیوں کے ساتھ گزشتہ روز اجلاس ہوا تھا جس میں ایف بی آر نے سمز بند کرنے کے فیصلے سے موبائل کمپنیوں کو آگاہ کیا، نان فائلرز کی موبائل فون سمز بند کرنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کا ہے، حکومت کے فیصلے پر ہرحال میں عمل درآمد کرنا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے خود کو سمز بند کرنے کے مسئلے سے علیحدہ کر لیا ہے، پی ٹی اے کا مؤقف ہے اس کے پاس سم بند کرنے کا حکم جاری کرنے کا اختیار نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نان فائلرز کی 3 ہزار 500 سمز بند کی گئی تھیں۔

ترجمان ایف بی آر نے بتایا تھا کہ 2 ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے تقریباً 3500 سمزبلاک کی گئیں تاہم ریٹرن فائل کرنے والے شہریوں کی سمز فوری بحال ہوں گی۔

ایف بی آر ترجمان نے بتایا تھا کہ ایک ٹیلی کام کمپنی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حکم امتناع لے لیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں