سابق عسکریت پسند گلزار امام شمبے کا قومی دھارے میں شمولیت کا ایک سال مکمل ہونے پر سیمینار

پشاور: (دنیا نیوز) معروف سابق علیحدگی پسند گلزار امام شمبے کی قومی دھارے میں شمولیت کا ایک سال مکمل ہونے پر بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی BUITEMS کے مارخور آڈیٹوریم میں ہونے والے خصوصی سیمینار کی تقریب کا عنوان ’’بلوچستان میں امن و استحکام کی جانب سفر‘‘ تھا، تقریب کے دوران تفصیلی ڈسکشن پینل کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کے مقاصد بلوچستان میں امن اور مفاہمت کا فروغ، ہتھیار پھینکنے والے عسکریت پسندوں کو سیاسی سٹیک ہولڈرز اور نوجوان رہنماؤں کے ساتھ اکٹھا کرنا، کثیر الجہت نقطہ نظر کو سمجھنا، بلوچستان کے پرامن مستقبل کے لئے روڈ میپ بنانے پر توجہ دینا تھے۔

مقاصد میں مزید شامل تھا کہ مختلف گروہوں میں مکالمے کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرتے ہوئے افہام و تفہیم کو فروغ دیا جائے، امن اور مفاہمت کے لئے قابل عمل حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے اور امن کے عمل میں نوجوانوں کے کردار اور ان کی شمولیت کو اجاگر کیا جائے۔

ہتھیار پھینکنے والے عسکریت پسندوں کی روئیداد، مفاہمت کے سیاسی راستوں، تبدیلی کے سفر میں نوجوانوں کے کردار اور امن کے لئے مشترکہ روڈ میپ پر گفتگو بھی تقریب میں شامل تھی۔

سیمینار میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو، ایم پی اے ظہور بلیدی، ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند، وائس چانسلر BUITEMS ڈاکٹر خالد حفیظ، سابق ایم این اے اور وزیر زبیدہ جلال، سابق عسکریت پسند سرفراز بنگلزئی اور سابق عسکریت پسند گلزار امام شمبے بھی شامل تھے۔

معزز مہمانوں میں ایم پی ایز مینا مجید، پرنس آغا عمر، راحیلہ حمید درانی، زرک مندوخیل، رحمت صالح، زرین مگسی اور سابق ایم پی اے ثناء بلوچ اور مہ جبین شیران شامل تھے۔

سیمینار میں شہزادہ ذوالفقار، بشریٰ قمر، عاصم خان، سلیم شاہد اور سید علی شاہ جیسے صحافیوں کے ساتھ ساتھ سینیٹر کامران مرتضیٰ سمیت ڈپٹی اٹارنی جنرل رؤف عطا، وکلاء طیبہ کاکڑ اور نرگِس سمالانی بھی شامل تھیں۔

سماجی کارکنوں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبوں کی نمائندگی میں کوئٹہ آن لائن کے ضیا خان، ماہر تعلیم رحیمہ جلال، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقت اور IDSP کوئٹہ کی بانی قرۃ العین بختیاری شامل تھیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں