وزیراعظم کا سمگلنگ میں کمی پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے سمگلنگ میں کمی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت انسداد سمگلنگ سے متعلق سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، آئی جیز ایف سی خیبرپختونخوا اور بلوچستان، ڈی جیز رینجرز پنجاب اور سندھ، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی ترقی کیلئے کانٹوں سے گزرنا ہوگا، کوئی ٹونا ساتھ نہیں دے گا: وزیر اعظم

وزیر اعظم نے سمگلنگ میں کمی لانے کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی، ہمیں آپ لوگوں پر فخر ہے کہ آپ کٹھن حالات اور چیلنجوں کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، سمگلنگ کیخلاف جنگ میں کئی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپ کی کوششوں سے ملکی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہو رہا ہے، سمگلنگ کیخلاف جنگ میں سول آرمڈ فورسز کو حکومت کی بھرپور حمایت حاصل رہیگی، سول آرمڈ فورسز کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی، جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں