بہترین پاکستانی فٹ بال ٹیم کیلئے وقت اور زیادہ میچز کھیلنے کی ضرورت ہے: ہیڈ کوچ

اسلام آباد :(ویب ڈیسک ) پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ سٹیفن کانسٹنٹائن کا کہنا ہے میں بہترین پاکستانی فٹ بال ٹیم بنانے کی کوشش کر رہا ہوں، ہمیں وقت کے ساتھ تربیت کیلئے زیادہ میچز کھیلنے کی ضرورت ہے۔

قومی ٹیم کے فٹ بال کوچ سٹیفن کانسٹنٹائن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ فیفا کوالیفائر راؤنڈ 2 کے لیے کوالیفائی کیا ہے جہاں اس کا مقابلہ سعودی عرب، اردن اور تاجکستان جیسی بڑی ٹیموں سے ہو رہا ہے، میں نے پہلے دن سے کہا تھا کہ اس وقت پاکستان ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں حقیقت پسند ہونے کی ضرورت ہے،کیا میں ورلڈ کپ میں جانا چاہتا ہوں؟ یقیناً میں یہ چاہتا ہوں اور کیا میں پاکستان کے ساتھ جانا چاہتا ہوں؟ بالکل، اس کیلئے ہمیں حقیقت پسند ہونا پڑے گا۔

واضح رہے پاکستان فیفا کوالیفائرز راؤنڈ 2 میں اپنا اگلا میچ 6جون کو سعودی عرب کے خلاف اسلام آباد میں کھیلے گا جس کے لیے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں