بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر حملہ، جاگیر داروں کو چھوٹ دی گئی: حافظ نعیم الرحمان

کراچی: (دنیا نیوز) امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر حملہ کیا گیا اور جاگیر داروں کو چھوٹ دی گئی ہے۔

ادارۂ نور حق میں ملکی وسیاسی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جاگیردار 75 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، شہباز شریف نے کہا 38 فیصد سے مہنگائی 12 فیصد پر آ گئی ہے، یہ کون سا ریلیف ہے جو ہمیں نہیں دکھائی دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، لاکھوں لوگ بیرون ممالک چلے گئے ہیں، سرکاری ہسپتالوں کی کیا صورتحال ہے، سندھ کے ترقیاتی بجٹ میں کوئی ایک بھی نیا منصوبہ کہاں ہے؟ کراچی کو مزید ترقیاتی پراجیکٹس چاہئیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ آئی ایم ایف کا تیار کردہ ہے، دنیا میں کہاں ٹیکس لگانے سے مہنگائی کم ہوتی ہے، شہباز شریف نے آخری بار آئی ایم ایف پروگرام کا وعدہ کیا ہے لیکن ان کی بات پر عوام کو اب کوئی بھروسہ نہیں ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اسلام کی نمائندگی کا اظہار حج کے موقع پر ہوتا ہے، فلسطین میں بچے لبیک کہتے ہوئے سب لوگوں کو پیغام دے رہے تھے، وہ بچے پورے عزم کے ساتھ کہہ رہے تھے کہ اے اللہ ہم حاضر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں