ایکس (ٹوئٹر) پر ڈس لائیک بٹن کی آزمائش بھی شروع

نیویارک: (ویب ڈیسک) مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر دیگر تبدیلیوں اور فیچرز کی آزمائش کے ساتھ ساتھ ڈس لائیک بٹن کی آزمائش بھی شروع کر دی گئی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق ایکس نے باضابطہ طور پر ڈس لائیک بٹن کی آزمائش کا اعلان نہیں کیا، تاہم ماہرین نے اس کی آزمائش کو دریافت کر لیا ہے، اس وقت ایکس پر ڈس لائیک بٹن کی آزمائش صرف آئی او ایس پر کی جا رہی ہے، یعنی اسے صرف آئی فون پر آزمایا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ بٹن کو ڈاؤن ووٹ کا نام دیا جائے گا لیکن مذکورہ فیچر ڈس لائیک والا ہی کام کرے گا۔

ایکس پر اس وقت لائیک کے بٹن کیلئے دل کا ایموجی ہے جب کہ ڈس لائیک یا ڈاؤن ووٹ کیلئے زخمی دل کا بٹن دیا جائے گا، ڈاؤن ووٹ یا ڈس لائیک کیلئے زخمی دل کا بٹن پہلے سے موجود دل کے ایموجی کے ساتھ ہی دیا جائے گا۔

اس سے کچھ دن قبل ہی خبر سامنے آئی تھی کہ ایکس کے ٹائم لائن کا ڈیزائن بھی مکمل طور پر تبدیل کئے جانے کا امکان ہے جس کے تحت ری ٹوئٹ اور کمنٹس کے بٹنز کو ختم کر دیا جائے گا۔

نئی تبدیلی کے تحت ایکس کا ٹائم لائن یا فیڈ تبدیل ہوجائے گی اور صارفین کو ری پوسٹ یا ری ٹوئٹ سمیت لائیکس اور کمنٹس کا بٹن یا آپشن ہی نظر نہیں آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں