ہر علاقہ کلنگ زون، غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک: (دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے غزہ میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کو مقتل گاہ میں تبدیل کر دیا، غزہ میں کوئی جگہ بھی محفوظ نہیں، ہر علاقہ ممکنہ کلنگ زون ہے۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں تباہی کی انتہائی سطح ناقابل فہم اور ناقابل معافی ہے، فلسطین اسرائیل تنازع کو حل کرنیکا وقت آ گیا، فریقین پر امن عزم کا مظاہرہ کریں تاکہ معاہدے تک پہنچ سکیں۔

یاد رہے کہ غزہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں 50 سے زائد فلسطینی شہری شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں، صیہونی فورسز نے غزہ کی جنوبی سرحد رفح میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس میں 5 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

خان یونس کے قریب ایک اور کارروائی میں میاں بیوی دو بچوں سمیت شہید ہوگئے ہیں، جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر کار پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہو گئے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے تحت چلائے جانے والے سکول پر اسرائیلی حملے میں 23 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، شہداء میں مقامی صحافی محمد میشمش بھی شامل ہے، تنازع کے دوران جان سے جانے والے صحافیوں کی تعداد 160 تک پہنچ گئی ہے۔

حماس نے حالیہ اسرائیلی حملوں کو عرب ممالک اور امریکا کی سیز فائر معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے، یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک ہونے والے حملوں میں شہید بچوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں