بیلجیئم فٹبال فیڈریشن نے اسرائیل کیخلاف میچ کی میزبانی سے انکار کر دیا

برسلز: (دنیا نیوز) سکیورٹی خدشات کے باعث بیلجیئم فٹبال فیڈریشن نے اسرائیل کیخلاف میچ کی میزبانی کرنے سے انکار کر دیا۔

بیلجیئم فٹ بال فیڈریشن نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث اسرائیل کیخلاف 6 ستمبر کو ہونے والے نیشنز لیگ میچ کی میزبانی نہیں کی جائے گی، برسلز کی مقامی انتظامیہ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ یہ میچ کنگ باؤڈوئن سٹیڈیم میں نہیں کھیلا جائے گا کیونکہ اس سے مظاہرے شروع ہو سکتے ہیں۔

فلسطین پر اسرائیلی جارحیت سے منسلک تناؤ کی وجہ سے حکام نے برسلز میں انتہائی خطرے والے میچ کا انعقاد ناممکن قرار دیا تھا جس کے بعد بیلجیئم کے دیگر شہروں نے بھی میچ کی میزبانی سے انکار کر دیا جبکہ برسلز شہر کو ابھی تک نامزد نہیں کیا گیا، فرانس، اٹلی، بیلجیئم اور اسرائیل ایک ہی نیشن لیگ گروپ اے ٹو سے وابستہ ہیں۔

واضح رہے کہ اکتوبر میں برسلز میں ہونے والے حملے سے ممکنہ طور پر سکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے جب بیلجیئم اور سویڈن کے درمیان یورو 2024ء کوالیفائر میچ سے قبل ایک انتہا پسند مسلمان بندوق بردار نے دو سویڈش فٹبال شائقین کو گولی مار کے قتل کر دیا تھا حالانکہ اس حملے کا مقصد یہود مخالف نہیں تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں