امریکی عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات کا کیس خارج کر دیا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) عدالت نے بڑا ریلیف دیتے ہوئے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات کا کیس خارج کر دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات کیس ماورائے قانون سپیشل کونسل کی تعیناتی کی بنیاد پر خارج کیا، اگست 2023ء میں ایف بی آئی نے ٹرمپ کی رہائش گاہ سے 100 خفیہ دستاویزات برآمد کی تھیں۔

ایف بی آئی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے دوران خفیہ دفاعی دستاویزات ساتھ لے جانے کا الزام عائد کیا تھا، سابق صدر نے کیس خارج ہونے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام بطور ہتھیار استعمال کرنے کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ امریکی جماعت ری پبلکن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر آئندہ الیکشن میں صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے، چند روز قبل ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ پہلی بار پارٹی کنونشن میں منظر عام پر آئے جہاں سابق صدر کو باضابطہ طور پر آئندہ الیکشن میں صدارتی امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اس موقع پر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹر جے ڈی وینس کو نائب صدارتی امیدوار بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے ڈی وینس نائب صدارت کیلئے ریاست اوہائیو سے موزوں ترین شخص ہیں، یاد رہے کہ وینس ماضی میں ٹرمپ کو احمق اور قابل مذمت کہہ چکے، انہوں نے ٹرمپ کا موازنہ ایڈولف ہٹلر سے بھی کیا تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں