عمران خان، نواز شریف، بلاول بھٹو کی گرینڈ میٹنگ کرانے کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان، مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی گرینڈ میٹنگ کروانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست گزار قاضی محمد سلیم نے سپریم کورٹ کو تینوں لیڈران کے درمیان گرینڈ میٹنگ کروانے کی درخواست پر سوموٹو لینے کی استدعا کی ہے، درخواست گزار نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈیڈلاک کے باعث پریشان ہوں، اپریل 2022 سے غیرمعمولی صورتحال کے باعث حکومت موثر طریقے سے کام نہیں کر پا رہی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک میں افراتفری کے حوالے سے سپریم کورٹ نے نیب کیس کے دوران ذکر کیا، چیف جسٹس پاکستان نے بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قائدین سے بات کرنے اور معاملات حل کرنےکی تجویز دی تھی، چیف جسٹس کے ریمارکس کے دوران بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک پر موجود تھے۔

درخواستگزار نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا جنہوں نے مینڈیٹ چوری کیا ان کے ساتھ کیسے بیٹھ سکتا ہوں، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کارکنان پر کریک ڈاؤن کر رہی ہے، سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کیلئے از خود نوٹس لیا جائے۔

قاضی محمد سلیم نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرے، آئین و قانون کی بالادستی کیلئے سپریم کورٹ ہی آخری امید ہے، موجودہ غیر یقینی کی صورتحال ملک کیلئے خطرہ ہے، موجودہ صورتحال سے ملک کو نکالنے کیلئے سپریم کورٹ کردار اد کرے۔

درخواست میں عمران خان، میاں نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو فریق بنایا گیا ہے، درخواستگزار نے کہا کہ معاملہ 24 کروڑ عوام کے مفاد کا ہے، میٹنگ ارینج کرانا مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں، ابھی نندن کو واپس بھارت چھوڑنے کے لیے بات چیت ہو سکتی تو ملک میں سیاسی استحکام لانے کے لیے سٹیک ہولڈرز کیوں ساتھ نہیں بیٹھ سکتے؟۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں