کراچی: مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، مزاحمت پر 2 زخمی، شہریوں نے ملزم پکڑ لیا

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک، ایک ملزم شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ مزاحمت پر فائرنگ سے اہلکار اور نوجوان زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیوکراچی کے علاقے انڈسٹریل ایریا کی حدود میں 3 مسلح ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کرنے میں مصروف تھے کہ پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ کرنا شروع کر دی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران گولیاں لگنے سے 2 ڈاکو موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا، ملزموں کی فائرنگ سے ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ہے، پولیس نے فرار ملزم کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزموں نے نوجوان کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، متاثرہ شہری کی شناخت 17 سالہ عبداللہ کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھر کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں مبینہ ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جس کی لوگوں نے خوب درگت بنانے کے بعد زخمی حالت میں پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس نے ملزم کو تھانے منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں