قوم ملکی دفاع کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں فراموش نہیں کر سکتی: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ملکی دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کیپٹن محمد سرور شہید کے 76 ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 1948 کی جنگ میں جرآت و بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے مٹی کی حفاظت کو اپنی جان پر فوقیت دے کر آئندہ نسلوں کیلئے مادر وطن سے وفا کی لازوال مثال قائم کی، کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر کا یومِ شہادت پوری قوم کو اپنے شہداء کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ملکی دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی، افواجِ پاکستان کے افسران و جوان ملک کے دفاع کیلئے عظیم قربانیاں دیتے آئے ہیں اور دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، پوری قوم ملکی دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں