پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹر میں ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹرکورنگی میں ریکروٹ بیج 44 کی پاسنگ آؤٹ پریڈکی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔

پریڈ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈئرغلام عباس تھے جبکہ سول، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران،معززین ِعلاقہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اشخاص اور پاس آوٹ ہونے والے ریکروٹس کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈئرغلام عباس نے دوران ٹریننگ نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کرکےاِن کی حوصلہ افزائی کی۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ بابر علی کو ڈائریکٹر جنرل پی سی جی اعزازی ٹرافی سے نوازاگیا، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ اسحاق خان کو میڈل سے نوازاگیا، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ محمد ندیم کوبھی میڈل سے نوازاگیا۔

مہمان خصوصی نے پریڈ سے خطاب کیا اورپاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کا شمار ملک کی ایک اہم اور باوقار فورس کے طور پرکیا جاتا ہے جو بیک وقت سمندر اور زمین پر تعینات ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے جو اس کو دیگر نیم فوجی اداروں سے ممتاز کرتا ہے۔

پاکستان کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف ہمیشہ نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔گزشتہ ایک سال کے دوران کثیرمقدار میں منشیات پکڑی گئی جس کی بین الااقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 236ملین یو ایس ڈالرہے بلکہ اس عرصے میں پاکستان کوسٹ گارڈ نے تقریباً 1475 ملین روپے کی غیر قانونی اشیاء بھی ضبط کیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں