ڈونلڈ ٹرمپ اپنی حریف امیدوار کاملا ہیرس کے ساتھ مباحثے پر راضی
واشنگٹن :(ویب ڈیسک ) امریکا کی نائب صدر اور صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹک امیدوار کاملا ہیرس اور ان کے ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ نشریاتی ادارے ’اے بی سے‘ کی میزبانی میں 10 ستمبر کو صدارتی مباحثے میں شرکت کے لیے راضی ہو گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک اور نشریاتی ادارہ این بی سی دونوں امیدواروں کی مہمات سے دوسرے ممکنہ مباحثے کو منعقد کرانے پر بات کر رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ نائب صدارت کے ری پبلکن امیدوار جے ڈی وینس اور ڈیموکریٹک امیدوار ٹم والز کے درمیان ’سی بی ایس‘ نیوز مباحثے کی میزبانی کرے گا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز چینل پر 4 ستمبر کو ہونے والے مباحثے کی دعوت بھی قبول کر لی ہے، اس چینل کے کئی روایت پسند تجزیہ نگار ٹرمپ کے الیکشن کی حمایت کرتے ہیں، تاہم ہیرس نے اس مباحثے میں شرکت پر رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔
خیال رہے کاملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اے بی سی نیوز کی میزبانی میں ہونے والا مباحثہ 5 نومبر کی انتخابی مہم کے حوالے سے اہم ترین سمجھا جارہا ہے۔