چند لوگ استعمال کرکے بلوچستان میں افراتفری پھیلائی جارہی ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چند لوگ استعمال کرکے بلوچستان میں افراتفری پھیلائی جارہی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں اسحاق ڈارکومائیک دینےپراپوزیشن نے شدید نعرے بازی کی ، جس پر اسحاق ڈار نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں ہےایوان چلانےکا، جناب ان کوایوان چلانےکا طریقہ سکھائیں۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جو کچھ ہوا اس سے ہر شخص  کا دل رنجیدہ ہے، بلوچستان حکومت وفاق کے ساتھ مکمل رابطےمیں ہے، کچھ لوگوں کو استعمال کرکے ایک صوبے میں افراتفری پھیلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوریاست پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں ان سے مذاکرات ہوسکتے ہیں ، جو ناراضی کے نام پر پہاڑوں پر چڑھ کر شہریوں کو قتل کررہے ہیں،اس معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم چند روز میں بلوچستان کا دورہ کریں گے، دہشت گردی اور معاشی مسائل پر ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہیے، ہمیں باتوں کے بجائے حل کی طرف جانا ہوگا، آئیں اس مسئلے پر ملکر سوچیں، دشمن چاہتا ہے پاکستان معاشی قوت نہ بنے۔

نائب وزیر اعظم نے اجلاس میں تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ ارکان ایک دن مقررکرلیں،اس دن صرف امن وامان کےحوالےسے ہی بات ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں