حالیہ سیلاب اور بارشوں سے تباہی، 27 روز میں 245 افراد جاں بحق

اسلام آباد: (حریم جدون) ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں نے تباہی مچا دی، 27 روز میں 245 افراد جاں بحق اور 446 زخمی ہو گئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر مبنی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 92، کے پی میں 74، سندھ میں 47 ،بلوچستان میں 22، کشمیر میں 6 اور گلگت بلتستان میں 4 افراد جان کی بازی ہارے جبکہ ایک ہزار 2 مکانات مکمل اور 3475 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 121 بچے اور 48 خواتین بھی شامل ہیں، سیلاب اور بارشوں سے 446 لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں 158مرد، 107 خواتین اور 181 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے8 سکولوں اور 35 پلوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ 609 مویشی ہلاک ہوئے ہیں تاہم سیلاب اور بارشوں نے ریلوے کو بھی نقصان پہنچایا۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سبی سے ہرنائی سیکشن کے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ٹریک پر مرمتی کام جاری ہے جو 10 ستمبر تک مکمل ہونے کا امکان ہے، اسی طرح کول پر اور ڈوزان کے درمیان ریلوے پل کو بھی نقصان پہنچا جبکہ این 50 دنسر کے قریب سڑک بارشوں سے متاثر ہوئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں