سندھ پریمیئر لیگ کے وفد کی صدر مملکت سے ملاقات، ایس پی ایل کی شرٹ پیش کی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ پریمیئر لیگ کے وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات، ایس پی ایل کی شرٹ پیش کی۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کے وفد نے ملاقات کی اور انہیں لیگ کے افتتاحی سیزن کی کامیابی اور صوبے میں کرکٹ کے ڈھانچے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ میں کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ اور تربیتی سہولیات بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور انہوں نے سندھ کے کرکٹ ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کو جدید کوچنگ اور رہنمائی کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے، جدید کرکٹ اسٹیڈیمز کی تیاری کے لیے مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر غور کیا جائے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ سندھ کا کرکٹ ٹیلنٹ اجاگر کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے اور اس سلسلے میں صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک جامع طویل المدتی روڈ میپ وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں اور کرکٹ لیگز کے انعقاد سے کھیلوں کی سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

ایس پی ایل کے وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو سندھ کے کرکٹ ٹیلنٹ کو فروغ دینے، کرکٹ انفرا اسٹرکچر بہتر بنانے میں لیگ کے کردار کے بارے میں بتایا۔

وفد نے سندھ پریمیئر لیگ کے افتتاحی سیزن کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت کے لیےکراچی میں ایک ہائی پرفارمینس مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کو سندھ پریمیئر لیگ کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس پر صدر مملکت نے وفد کو سندھ میں کرکٹ کی حوصلہ افزائی اور فروغ کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں