معمر شخص نے ایک ہی دن میں 23 دانت نکلوا کر 12 نئے لگوا لئے

ژی جیانگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک معمر شخص نے ڈینٹل کلینک میں ایک ہی سیشن میں اپنے 23 دانت نکلوانے کے بعد 12 نئے دانت لگوالئے۔

چین کے صوبے ژی جیانگ میں حال ہی میں حکام کو ایک خاتون کی جانب سے ایک مقامی ڈینٹل کلینک کے خلاف شکایت موصول ہوئی کہ اس کے والد کی ایک ہی سیشن میں 23 دانت نکال کر 12 دانت لگائے گئے جس کی وجہ سے اس کے والد 13 روز بعد چل بسے۔

مس شو کے مطابق اس کے والد تیرہ روز تک شدید تکلیف میں مبتلا رہے جس کے بعد 28 اگست کو انہیں ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ انتقال کر گئے۔

علاج سے قبل مریض کی اجازت لینے والے فارم میں خاتون کے والد کے دستخط موجود ہیں، جس کے بعد 23 نکال کے مریض کے منہ میں 12 سوراخ کئے گئے تاکہ نئے دانت لگائے جا سکیں۔

یہ سب کچھ ایک ہی دن کیا گیا، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مریض کو کس قدر تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہوگا۔

مذکورہ کلینک کے ترجمان کے مطابق ایک ہی سیشن میں دانت نکالنے کی تعداد کا تعین ڈاکٹر مریض کی جسمانی کیفیت اور قوت برداشت کو دیکھ کر کرتا ہے تاہم چینی حکام نے اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں