پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے 'کنکشن کیمپ' بلانے کا فیصلہ

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس اور ورکشاپ کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس اور ورکشاپ کو "کنکشن کیمپ" کا نام دیا گیا ہے، کنکشن کیمپ 22 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے اور وہ ورکشاپ میں بھی شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ کنکشن کیمپ میں ریڈ اور وائٹ بال کے ہیڈ کوچز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن بھی شریک ہوں گے جبکہ انٹرنیشنل، ڈومیسٹک اور ہائی پرفارمنس کے سربراہان، سینئر کرکٹرز، کوچز اور پی سی بی کے سینئر آفیشلز بھی شریک ہوں گے جہاں کنکشن کیمپ میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مستقبل کے فیصلے ہوں گے۔

اس کے علاوہ ریڈ اور وائٹ بال کوچز آپس میں بھی میٹنگز کریں گے، وائٹ اور ریڈ بال کے کپتانوں کی تبدیلی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان ٹیم کے نئے وائٹ بال کپتان کی تقرری کا امکان ہے جس سے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی کپتانی بھی انڈر سکروٹنی آ گئی ہے۔

واضح رہےکہ گیری کرسٹن جولائی میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کے بعد وطن واپس چلے گئے تھے اور جیسن گلیسپی بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے بعد آسٹریلیا چلے گئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں