مرتضیٰ وہاب کے الزامات پر ایم کیو ایم پاکستان کا ردِ عمل بھی آگیا

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے الزامات پر ایم کیو ایم پاکستان کا ردعمل بھی منظر عام پر آگیا۔

ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ریاست کے اندر بنی ریاست سندھ کے متعصب حکمران چوری اور سینہ زوری پر کمر بستہ ہوچکے ہیں، میڈیا پر روزانہ شہر اور صوبے کی تباہی کی داستانیں نشر کی جا رہی ہیں، شہر کی سڑکیں ہسپتال، سکول، کالج، سیوریج و پانی کی لائنیں سب تباہ ہوچکے ہیں۔

ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب نجانے کون سی عینک لگا کر شہر میں نکلتے ہیں، صوبے کے کروڑوں عوام پیپلزپارٹی کی فرعونی حکومت کی نااہلی کرپشن اور اقربا پروری سے عاجز ہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ حیدرآباد یونیورسٹی پر سندھ کے حکمرانوں نے کہا کہ وہ ان کی لاش پر بنے گی، کراچی قومی و صوبائی خزانہ میں ہزاروں ارب روپے ٹیکس اور ریونیو کی مد میں جمع کرواتا ہے، کراچی کا دیا گیا ٹیکس اور ریونیو ہی وفاق سے واپس سندھ کو آتا ہے۔

ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کیا سندھ کے حکمران مرتضیٰ وہاب کو پی ایف سی سے کراچی کا جائز حصہ دے رہے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مرتضیٰ وہاب کو بااختیار و باوسائل بنانے کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے، کیا مرتضیٰ وہاب اپنی قیادت سے کراچی اور پورے پاکستان کی بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے میں اپنا کردار ادا کروائیں گے؟۔

ترجمان ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم گزشتہ کئی دہائیوں سے شہری سندھ کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں