وزارت منصوبہ بندی کا معاشی پالیسی سازی کیلئے بورڈ تشکیل، احسن اقبال سربراہ مقرر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت منصوبہ بندی نے معاشی پالیسی سازی کے حوالے سے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پالیسی بورڈ تشکیل دیدیا، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پالیسی بورڈ کے سربراہ ہوں گے۔
وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے بورڈ کی تشکیل سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ بورڈ مختلف شعبوں کے ماہرین اور تجربہ کار اراکین پر مشتمل ہے، بورڈ میں سابق وفاقی وزراء، تعلیمی اور عالمی پیشہ ور ماہرین کو شامل کیا گیا ہے، سابق نگران وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ، چیئرمین انٹرلوپ مصدق ذوالقرنین، رانا اقرار بورڈ کے ممبران ہوں گے۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگری کلچر فیصل آباد نوید شیروانی اور امریکہ سے آئی ٹی ماہرین کو بھی بورڈ میں شامل کیا گیا ہے، بورڈ پالیسی سازی اور معیشت کی ترقی کیلئے حکمت عملی بارے مشورے فراہم کرے گا، بورڈ درمیانی اور طویل مدتی اقتصادی پالیسیوں اور حکمت عملی کیلئے رہنمائی فراہم کرے گا۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق بورڈ قومی اور بین الاقوامی اقتصادی مسائل پر روڈ میپ فراہم کرے گا، بورڈ میکرو اکنامک اشاریوں اور رجحانات کا جائزہ لے گا، بورڈ قومی منصوبوں اور اقتصادی رپورٹس کا بھی جائزہ لے گا، قومی جدت اور مسابقت کو بڑھانے کیلئے پالیسیوں پر مشورہ بھی دے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پالیسی بورڈ فائیو ایز فریم ورک، 13ویں پانچ سالہ منصوبہ بندی اور ویژن 2030 کے نفاذ کو یقینی بنائے گا۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ برآمدات، ڈیجیٹل ترقی، ماحولیاتی پائیداری اور توانائی کے شعبوں کو ترجیح دیتے ہیں، پالیسی بورڈ کے اراکین کی سفارشات اور تجربات قومی بجٹ کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔