چین سے قرض رول اوور پر بات مثبت سمت آگے بڑھ رہی ہے: وزیر خزانہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کا قرض رول اوور کرنے سے انکار نہیں کیا، چین سے قرض رول اوور پر بات مثبت سمت آگے بڑھ رہی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اپنے طریقہ کار سے کام کرتا ہے، حکومت نے معیشت کی بہتری کیلئے سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے قرض رول اوور پر بات چیت جلد مکمل ہونے کا امکان ہے، حکومت سعودیہ سے سرمایہ کاری کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، وزیراعظم دوست ممالک سے امداد کی بجائے سرمایہ کاری پر یقین رکھتے ہیں۔