چینی وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال
ریاض: (دنیا نیوز) عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم اور ریاستی کونسل کے چیئرمین لی کیانگ نے ریاض میں سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ ملاقات چینی وزیراعظم کے دورہ ریاض کے موقع پر ہوئی، ملاقات میں سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ چین، سعودی عرب تعلقات کے بارے میں گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقعے پر سعودی عرب کے شاہی دربار کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد اور چینی وزیراعظم کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر اعظم لی کیانگ سعودی ولی عہد کی دعوت پر اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ سعودی عرب چین کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں شرکت کے لئے دو روزہ دورے پر ریاض پہنچے تھے۔